حیدر علی جان:خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں قدرتی آفت نے ایک خاندان کو اجاڑ دیا,علاقے لیلونی میں مکان پر آسمانی بجلی گرنے سے کمسن بچے سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔
مقامی افراد کے مطابق افسوسناک واقعہ لیلونی کے دور افتادہ اور پہاڑی گاؤں اچر میں پیش آیا، جہاں اچانک آسمانی بجلی گرنے سے گھر مکمل طور پر متاثر ہوا اور اندر موجود افراد ملبے تلے دب گئے۔
علاقہ دور دراز ہونے کے باعث مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹا کر لاشوں کو باہر نکالا۔ جاں بحق ہونے والوں میں یار محمد، ان کی اہلیہ اور کمسن بچہ شامل ہیں، جو اس گھر کے واحد افراد تھے۔
اس المناک واقعے کے بعد پورے علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے اور مقامی افراد نے متاثرہ خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔