(ویب ڈیسک)اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے طریقہ کار میں بڑا قدم اٹھا لیا۔
وفاقی وزیر داخلہ سیدمحسن رضانقوی کی خصوصی ہدایات پر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے لائسنس کے تمام مراحل کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرتے ہوئے نظام کو مکمل طور پر پیپر لیس اور کیش لیس بنا دیا ،اس اقدام کا مقصد شہریوں کیلئے سہولت پیدا کرنا اور سرکاری خدمات کو تیز، شفاف اور آسان بنانا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق یہ پیشرفت انسپکٹر جنرل اسلام آبادپولیس اور چیف ٹریفک پولیس آفیسر محمد سرفراز ورک کی قیادت میں عمل میں لائی گئی ہے، جو نظام کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔
نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت شہریوں کو اب ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کیلئے اضافی دستاویزات یا فوٹو کاپیاں ساتھ لانے کی ضرورت نہیں ہوگی، شہری صرف اپنا اصل قومی شناختی کارڈ پیش کرکے لائسنس کے حصول کے مراحل مکمل کر سکیں گے۔
اس کے علاوہ فیسوں کی ادائیگی کے طریقہ کار کو بھی مکمل طور پر ڈیجیٹل اور کیش لیس کر دیا گیا ہے،درخواست گزار اب بینکنگ ایپس، موبائل والٹس اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے موقع پرفیس ادا کر سکیں گے،یہ اقدام نہ صرف کرپشن کے امکانات کو کم کرے گا بلکہ شہریوں کے وقت اور وسائل کی بچت میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس اس سے قبل چالان کی ادائیگی کے نظام کو بھی کیش لیس کر چکی ہے۔