قیصر کھوکھر:حکومت پنجاب نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور سکیورٹی انتظامات کے پیش نظر صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق یکم سے 10 محرم الحرام تک مختلف پابندیاں عائد رہیں گی، جبکہ ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق صرف 9 اور 10 محرم الحرام کو ہوگا۔
حکومت کی جانب سے مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر عوامی مقامات پر اسلحہ، ہتھیاروں اور آتش گیر مواد کی نمائش پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مذہبی جذبات مجروح کرنے والے اشتعال انگیز نعروں، اشاروں، فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت پھیلانے والے بیانات اور تبصروں پر بھی پابندی ہوگی۔
احکامات کے مطابق سوشل میڈیا یا دیگر ذرائع سے فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
محرم کے جلوسوں کے راستوں پر واقع عمارتوں کی چھتوں پر مورچے بنانے، پتھر، اینٹیں یا دیگر اشیاء جمع کرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ اسی طرح چھتوں اور دکانوں کے تھڑوں پر بطور تماشائی موجودگی کی اجازت نہیں ہوگی۔
ڈبل سواری پر پابندی سے بزرگ شہری، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار مستثنیٰ ہوں گے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق یہ پابندیاں سیکشن 144(6) ضابطہ فوجداری 1898 کے تحت سیکرٹری داخلہ پنجاب نے عائد کی ہیں۔