ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا قومی کھیل ہاکی کی بحالی کیلئے بڑا اقدام

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا قومی کھیل ہاکی کی بحالی کیلئے بڑا اقدام
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: پاکستان ہاکی فیڈریشن کیلئے 150 ملین روپے گرانٹ منظور کرلی گئی ہے۔

 سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کی زیر صدارت گرانٹ اِن ایڈ کمیٹی کے پانچویں اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے لیے 150 ملین روپے گرانٹ کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں پنجاب میں ہاکی کے فروغ اور بحالی کے لیے شارٹ، میڈیم اور لانگ ٹرم منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب بھر کے اسکولوں اور کالجوں میں ہاکی کے باقاعدہ مقابلے منعقد کروائے جائیں گے جبکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی نشاندہی کے لیے اسکول سطح پر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز کیا جائے گا۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ہاکی کٹس، پروٹیکٹو گیئر، شرٹس، جوتے اور ماہانہ وظیفہ فراہم کیا جائے گا۔ نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے بین الاقوامی معیار کے کوچز اور ماسٹر ٹرینرز کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صوبے بھر میں ہاکی اکیڈمیوں کا نیٹ ورک قائم کیا جائے گا۔ جدید ترین ٹرف اور فلڈ لائٹس کی تنصیب سمیت ہاکی کے بنیادی ڈھانچے کو عالمی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے کے اقدامات بھی زیر غور ہیں۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ قومی ہاکی ٹیم کے سابق اولمپینز اور ممتاز کھلاڑیوں کو گریس مینٹرز کے طور پر نوجوان نسل کی تربیت کی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔ ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں بین الاقوامی معیار کے ہاکی اسٹیڈیمز کی تعمیر کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔

اجلاس میں خواتین ہاکی کے فروغ کے لیے گرلز کالجز میں خصوصی ہاکی لیگ کے انعقاد اور خواتین ہاکی ٹیم کی تشکیل نو کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ بہترین کھلاڑیوں کو بیرونِ ملک تربیتی مواقع فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

مزید برآں، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اشتراک سے سالانہ " پنجاب ہاکی سپر لیگ" کے انعقاد کی ہدایت دی گئی جبکہ ہاکی کی بحالی کے لیے کارپوریٹ سیکٹر سے اسپانسرشپ حاصل کرنے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مالی معاونت کے مؤثر نظام کی تشکیل پر بھی زور دیا گیا۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور اس کے کھوئے ہوئے مقام کی بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں ہاکی کو دوبارہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام دلایا جائے گا۔

اجلاس میں کلچر اور موسیقی کے فروغ کے لیے "پاکستان آئیڈل سیزن 2" کے انعقاد کے لیے 70 ملین روپے گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔

Ansa Awais

Content Writer