علی ساہی :وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن "محفوظ پنجاب" کے تحت ٹریفک ہیڈ کوارٹر میں "جوائنٹ آپریشن" کے عنوان سے ویڈیو لنک کانفرنس منعقد ہوئی.کانفرنس کی صدارت ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ نے کی.
کانفرنس میں ایس ایس پی ہیڈ کوارٹر سید غضنفر علی شاہ، تمام سی ٹی اوز، ڈی ٹی اوز، سیکرٹری آر ٹی اے، پی ایچ پی اور موٹروے کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
مرزا فاران بیگ نے ہدایت کی کہ پبلک ٹرانسپورٹ کی چھتوں پر سواریوں کو بٹھانے والوں کیخلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے، اور انسانی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
انہوں نے اوورلوڈنگ اور اوور چارجنگ کے خلاف سخت کارروائی اور بھاری جرمانوں کا اعلان کیا جبکہ خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے روٹ پرمٹ معطل کرنے اور ایف آئی آر درج کرنے کا حکم بھی دیا۔
ایڈیشنل آئی جی ٹریفک نے کہا کہ صوبہ بھر میں اوور چارجنگ ،اوورلوڈنگ ہرگز برداشت نہیں ہوگی ،محفوظ پنجاب کیلئے تمام محکموں کو مل کر بغیر کسی حد کے کام کرنا ہوگا، اور انسانی زندگیوں سے کھیلنے والوں کیلئے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔