ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ملاوٹ مافیا کیخلاف ایکشن، بکر منڈی سے 400 کلو بدبودار گوشت برآمد

پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ملاوٹ مافیا کیخلاف ایکشن، بکر منڈی سے 400 کلو بدبودار گوشت برآمد
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: لاہور میں انسانی صحت سے کھیلنے والے جعلساز مافیا کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بکر منڈی کے علاقے میں واقع ایک گوشت گودام پر چھاپہ مارا جہاں سے کارروائی کے دوران 400 کلو ایکسپائر اور بدبودار گوشت برآمد کر لیا گیاجسے فوری طور پر تلف کر دیا گیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے مطابق چھاپے کے دوران انکشاف ہوا کہ گودام میں بیمار مرغیوں اور چھیچھڑوں سے ناقص گوشت تیار کیا جا رہا تھا جو مختلف شاپس اور شہری علاقوں میں سپلائی کیے جانے کا منصوبہ تھا۔

عاصم جاوید نے مزید بتایا کہ گودام میں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات تھے۔ گوشت کو ٹوٹے ہوئے گندے فرش پر رکھا گیا تھا جہاں سے شدید تعفن اٹھ رہا تھا۔ فوڈ سیفٹی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی تھی۔
پنجاب پولیس کی موجودگی میں نہ صرف 400 کلو گندا گوشت تلف کر دیا گیا بلکہ ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ بھی درج کروا دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ایکسپائر اور بیمار گوشت کا استعمال انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ہے۔ فوڈ اتھارٹی نے بروقت کارروائی کر کے مضر صحت گوشت کی شہری علاقوں میں سپلائی ناکام بنا دی۔
عاصم جاوید نے واضح کیا کہ صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے اور مستقبل میں بھی ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی۔