ویب ڈیسک : میٹا کی جانب سے واٹس ایپ میں صارفین کیلئے فیس بک کے ایک مقبول فیچر کا اضافہ کیا گیا ہے۔
WABetaInfo کی ایک رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے نئے آئی او ایس بیٹا ورژن میں کور فوٹو فیچر دیکھنے میں آیا۔ اس نئے فیچر کے تحت واٹس ایپ صارفین اب فیس بک کی طرح پروفائل فوٹو کے ساتھ ایک کور فوٹو کا اضافہ بھی کرسکیں گے۔ اس مقصد کیلئے پروفائل پکچر کے اوپر اسپیس بڑھایا جا رہا ہے جہاں صارفین اپنی کور فوٹو لگا سکیں گے۔ پروفائل فوٹو کے بالکل اوپر کور بینر لے آؤٹ واٹس ایپ کا حصہ بنایا جائے گا۔
جاری کردہ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ کور فوٹو کو ایڈ کرنے کا عمل فیس بک کور فوٹو سے ملتا جلتا ہوگا۔ کور فوٹو کے لگانے کیلئے کور فوٹو کے مختص حصے پر کلک کرنا ہوگا جس کے بعد صارف کسی تصویر کو سلیکٹ کرسکے گا۔ صارفین جب چاہیں اس تصویر کو تبدیل کر سکیں گے۔ یہ کور فوٹو پروفائل سیٹنگز میں ٹرن آن رہے گی اور پروفائل دیکھنے والے افراد کو بھی نظر آئے گی۔
واضح رہے کہ ابھی تک واٹس ایپ کی جانب سے کور فوٹو کا آپشن صرف بزنس اکاؤنٹس کو فراہم کیا جاتا ہے، تاہم اب یہ فیچر انفرادی صارفین کو بھی دستیاب ہوگا۔