(سٹی42)معاشرے میں صنف نازک کے ساتھ ناروا سلوک،بدترین تشدد کے واقعات بڑھتے چلے جارہے ہیں، معمولی تلخ کلامی پر شروع ہونے والے بعض واقعات میں جان سے مار دیاجاتا ہے، ایسے لرزہ خیز اقدامات کی وجہ سے جرائم پیشہ افرادکےانسانی جان کی کوئی معانی نہیں رکھتی، قتل کا ایک ایسا ہی واقعہ جس میں شوہر نے شادی کے 5 ماہ بعد ہی دلہن کو موت کو گھاٹ اتار دیا۔
تفصیل کے مطابق صوبہ پنجاب کے اہم ترین شہر راولپنڈی کے علاقے ڈھوک چودھریاں میں شادی کے پانچ ماہ بعد ہی لڑکی کو قتل کردیاگیا۔ لڑکی کے والد نے الزام عائد کیا ہےکہ 18 سالہ حمیرا نیاز کو مبینہ طور پر اسکے شوہر نے قتل کیا ہے۔پولیس نے مقتولہ کے شوہر کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔
مقتولہ کے والد نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ حمیرا کی شادی کو پانچ ماہ ہوئے تھے۔حمیرا کو فائرنگ کرکے مبینہ طور پر قتل کیا گیا۔حمیرا کا اسکے شوہر عدنان سے اکثر جھگڑا رہتا تھا۔مقتولہ حمیرا کے والد نے اعلیٰ حکام سےمطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میری معصوم بیٹی کو سفاکیت سے قتل کیا گیا ملزم کو پھانسی دی جائے۔ ہمارے ساتھ بہت ظلم ہوا ہے ہمیں انصاف چاہیے۔
پولیس نے مقتولہ کے شوہر کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرنے کی کارروائی شروع کر دی۔پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئےڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزلاہور میں سندر کے علاقہ رنگیل پور میں میکے آئی خاتون کو قتل کردیا گیا تھا، 27 سالہ نازیہ اپنے میکے آئی ہوئی تھی نازیہ کا اپنے بھائی سجاد کے ساتھ کسی بات پر جھگڑا ہوا جس پر سجاد نےمشتعل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کی زد میں آکر نازیہ موقع پر ہی دم توڑ گئی تھی جبکہ ملزم فرار ہوگیا ۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی، جنہوں نے فرانزک ماہرین کی مدد سے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلئے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران واقعہ گھریلو تنازع معلوم ہوتا ہے تاہم مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کی جا رہی ہیں ۔ دوسری جانب ملزم کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔