شہر کی معروف بیکری ایف بی آر کے ریڈار پر آگئی

شہر کی معروف بیکری ایف بی آر کے ریڈار پر آگئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( رضوان نقوی ) وزیراعظم پورٹل پر شکایت موصول ہونے کے بعد ایف بی آر نے خلیفہ بیکری کی سیلز مانیٹر کرنے کیلئے کارروائی شروع کردی۔

خلیفہ بیکری اندرون لاہور کی ایک مشہور بیکری ہے، اس کو تاریخی اہمیت حاصل ہے کیونکہ یہ 1925 میں قائم ہوئی تھی۔ بیکنگ اور کوالٹی ذائقہ نے اس بیکری کو ایک پسندیدہ انتخاب بنا دیا ہے۔ شروع میں خلیفہ بیکری نے خود بیکری کی چیزیں تیار نہیں کیں بلکہ بیکری اشیاء سپلائی کرنے والے کے ذریعہ پہنچاتے تھے۔ لیکن کچھ عرصے کے بعد خلیفہ بیکری نے اپنی بیکری کے سامان خود ہی  تیار کرنے کا فیصلہ کیا اور اس طرح یہ بیکری اشیاء کا ایک خاص روایتی ذائقہ ہونے سے ہر عمر کے لوگوں کا انتخاب بن گئی۔

ایف بی آر ذرائع کے مطابق اندرون شہر کی مشہور " خلیفہ بیکری" کے خلاف ریجنل ٹیکس آفس ٹو کی ٹیم نے کارروائی شروع کردی۔ ایف بی آر کو " خلیفہ بیکری" سے متعلق سیلز چھپا کر ٹیکس چوری کرنے کے حوالے سے وزیراعظم پورٹل کے ذریعے شکایت موصول ہوئی تھی۔

ریجنل ٹیکس آفس ٹو کی ٹیم خلیفہ بیکری کی سیلز کا مکمل ریکارڈ مرتب کرے گی۔ ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ خلیفہ بیکری کی سیلز کا ریکارڈ مرتب کرکے بیکری کی ظاہر کردہ سیلز سے موازنہ کرنے کے بعد ٹیکس قوانین کے مطابق وصولی کی جائے گی۔

یاد رہے گزشتہ برس بھی ایف بی آر نے خلیفہ بیکرز پر چھاپہ مار کر تمام ریکارڈ قبضہ میں لے لیا تھا۔ ایف بی آر ذرائع کا کہنا تھا کہ 15 سے 20 لاکھ روز کمانے والی خلیفہ بیکری انکم ٹیکس میں تو رجسٹرڈ ہے مگر سیلز ٹیکس میں رجسٹرڈ ہی نہیں چونکہ خلیفہ بیکرز کی خطائیاں دنیا بھر میں مشہور ہیں، انکو بیرون ملک بھجوانے پر اضافی ٹیکس بھی لاگو ہوتا ہے۔