ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی: نیشنل گیمز ویٹ لفٹنگ مقابلے میں بیٹی نے والدہ کو ہرا دیا

کراچی: نیشنل گیمز ویٹ لفٹنگ مقابلے میں بیٹی نے والدہ کو ہرا دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: نیشنل گیمز ویٹ لفٹنگ مقابلوں میں ایک خاندان اس وقت مرکز نگاہ بن گیا ہے، جب بیٹی نے اپنی والدہ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سلور میڈل جیت لیا۔

کراچی میں جاری 35 ویں نیشنل گیمز میں اس خاندان کے تین افراد ایکشن میں نظر آئے، جنہوں نے مختلف ڈپارٹمنٹس کی نمائندگی کی۔

لاہور سے تعلق رکھنے والی 15 سالہ ویٹ لفٹر مدیحہ زبیر نے نیشنل گیمز کے ویمن ویٹ لفٹنگ مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 86 کلوگرام کیٹیگری میں سلور میڈل حاصل کیا۔ مدیحہ نے مجموعی طور پر 129 کلوگرام وزن اٹھایا، جبکہ ان کی والدہ زاہرہ زبیر، جو آرمی کی نمائندگی کر رہی تھیں، 108 کلوگرام وزن اٹھا سکیں۔

مدیحہ اور ان کی والدہ کا مقابلہ ایک ہی کیٹیگری میں ہوا، اور مدیحہ نے اپنی والدہ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے میڈل جیتا۔ والدہ زاہرہ نے اپنی ہار کو جیت سمجھتے ہوئے کہا کہ میڈل نہ جیتنے کے باوجود وہ خوش ہیں کہ ان کی بیٹی نے ایونٹ میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے اس تجربے کو انتہائی خاص اور منفرد قرار دیا، کیونکہ مقابلے کے دوران ان کے اندر ممتا کا احساس بھی برقرار تھا۔

مدیحہ نے کہا کہ انہیں بچپن سے ہی ویٹ لفٹنگ کا ماحول ملا، کیونکہ ان کے والد، دادا اور والدہ سب ہی ویٹ لفٹرز ہیں۔ وہ نیشنل گیمز میں میڈل جیت کر خوش ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ وہ اپنے دادا اولمپیئن محمد منظور کی طرح اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کریں۔

مدیحہ کے والد، زبیر منظور بھی پاکستان کے انٹرنیشنل ویٹ لفٹر ہیں اور وہ نیشنل گیمز میں پاکستان پولیس کی نمائندگی کرتے ہیں۔