ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پی پی ایس سی کا مختلف محکموں کی اسامیوں کے تحریری اور حتمی نتائج کا اعلان

پی پی ایس سی کا مختلف محکموں کی اسامیوں کے تحریری اور حتمی نتائج کا اعلان
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

قیصر کھوکھر : پنجاب پبلک سروس کمیشن نے مختلف محکموں کی اسامیوں کے تحریری اور حتمی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ مجموعی طور پر دو محکموں کے تحریری نتائج اور پانچ محکموں کے حتمی نتائج جاری کیے گئے ہیں۔ سیکرٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن افضال احمد کی جانب سے کامیاب امیدواروں کے حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

ترجمان پنجاب پبلک سروس کمیشن کے مطابق کمیشن نے حکومت پنجاب کے دو محکموں کی اسامیوں کے تحریری نتائج جاری کیے ہیں۔کمیشن میں سٹینوگرافرز کی 15 اسامیوں کے لیے 69 امیدوار تحریری، ٹائپنگ اور پروفیشنسی ٹیسٹ میں کامیاب قرار پائے ہیں۔محکمہ ریونیو، ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی میں جونیئر کلرک کی 43 اسامیوں کے لیے 15 امیدوار تحریری، ٹائپنگ اور پروفیشنسی ٹیسٹ میں کامیاب ہوئے ہیں۔

کمیشن نے مزید پانچ محکموں کی اسامیوں کے حتمی نتائج بھی جاری کر دیے ہیں۔ پنجاب فورینزک سائنس ایجنسی میں اسسٹنٹ کی اسامیوں کے لیے امیدواروں کو حتمی طور پر موزوں قرار دیا گیا ہے۔
پنجاب ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ، ساہیوال زون میں ضلع دار کی 17 اسامیوں کے لیے امیدواروں کی سفارشات صوبائی حکومت کو بھجوا دی گئی ہیں۔سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں اسسٹنٹ پروفیسر آف اورل پیتھالوجی کی ایک آسامی کا حتمی نتیجہ بھی جاری کیا گیا ہے۔
کمشنر آفس ملتان ڈویژن میں اکاؤنٹنٹ کی ایک آسامی کے لیے امیدوار کی سفارش کر دی گئی ہے۔ریونیو ڈیپارٹمنٹ، ڈپٹی کمشنر آفس مری میں جونیئر کلرک کی دو اسامیوں پر امیدواروں کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ مزید تیرہ اسامیاں موزوں امیدوار نہ ملنے کے باعث خالی رہ گئیں۔

تحریری امتحان میں کامیاب امیدواروں کے انٹرویو کے کال لیٹرز جلد پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیے جائیں گے، جبکہ امیدواروں کو ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ امیدواروں کے لیے انٹرویو کے وقت اصل اسناد اور متعلقہ دستاویزات ساتھ لانا ضروری ہے۔ حتمی نتائج کی تفصیلات اور نوٹیفکیشن کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں.

Ansa Awais

Content Writer