سٹی 42: تہران میں وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر سید محسن رضا نقوی نے ایرانی وزیر پٹرولیم محسن پاک نژاد سے ملاقات کی، جس میں توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون اور تجارتی و اقتصادی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت پٹرولیم میں ہونے والی ملاقات میں دونوں جانب سے ایران اور پاکستان کے درمیان تجارتی و اقتصادی تبادلوں کو مزید بڑھانے پر زور دیا گیا۔
ملاقات میں بالخصوص توانائی کے شعبے میں دونوں ممالک کی مشترکہ صلاحیتوں اور تعاون کے ممکنہ شعبوں کا جائزہ لیا گیا۔
ایرانی وزیر پٹرولیم محسن پاک نژاد نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان گزشتہ برسوں کے دوران اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون، باہمی روابط کو مزید وسعت دینے کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پٹرولیم اور تیل کی مصنوعات کی تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے مواقع موجود ہیں۔
محسن پاک نژاد کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان خصوصاً ریفائننگ کے شعبے میں تکنیکی اور انجینئرنگ خدمات کی برآمد کے حوالے سے بھی تعاون کے امکانات موجود ہیں۔