ویب ڈیسک: حزب اختلاف کی سیاسی جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) نے حکومت کی ہر طرح کی انتخاباتی اصلاحات کو مسترد کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی زیرصدارت اسلام آباد میں پی ڈی ایم کا اجلاس ہوا، پی ڈی ایم نے انتخابات ترمیمی بل پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے، اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور ن لیگ کے نائب صدر مریم نواز شریف نے ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی پی ڈی ایم قومی اسمبلی میں ترمیمی بل اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر سخت موقف اختیار کرے گی ۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے تجویز دی کہ تمام پارٹیز عام انتخابات 2023 پر توجہ مرکوز کریں، اجلاس میں مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا، اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیاکہ پی ڈی ایم کاآئندہ سربراہی اجلاس28اگست کو کراچی میں ہوگا جبکہ 21اگست کو اسلام آباد میں اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ بلدیاتی انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلےپر عمل نہیں ہوا،حکومت توہین عدالت اور قانون شکنی کر رہی ہے۔ملک پر الیکشن چور سلیکٹڈ حکومت مسلط ہے۔پی ڈی ایم آزاد کشمیر کے انتخابات کو مسترد کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ ای وی ایم مشین دھاندلی کا سب سے آسان طریقہ ہے،پاکستان کو اس وقت بدترین تنہائی کا سامنا ہے۔پی ڈی ایم29اگست کو کراچی میں جلسہ کرے گی۔