(سٹی 42) والٹن مویشی منڈی میں کالے ناگ نے دھوم مچادی، 6 فٹ اونچا،9 فٹ لمبا اور 17 من وزنی بیل شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گیا.
عید الاضحیٰ کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں، مویشی منڈیوں میں گھمسان کا رن پڑ گیا، جانوروں کی خریداری کیلئے شہریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، بیوپاریوں نے رش بڑھتے ہی آنکھیں ماتھے پر رکھ لیں، بڑے جانوروں کی 3 لاکھ اورعام بکروں کی قیمت 25 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک مانگی جارہی ہے، بھاؤ تاؤ کیلئے نوک جھونک، بحث مباحثہ، خوشامد ترلے جاری ہیں۔
مویشی منڈیوں میں اعلیٰ نسلی کے خوبصورت جانور لائے گئے ہیں لیکن والٹن مویشی منڈی میں خوبصورت کالے ناگ نامی بیل کا مقابل کم از کم اس منڈی میں دکھائی نہیں دیتا،ناز نخروں سے پلنے والے بیل کا وزن 17 من ہے اور قیمت 5 لاکھ روپے ہے، اونچے لمبے بیل کے مالک نے کسی سٹیرائیڈز کے بغیر عام خوراک پر نشوونما کا دعویٰ کردیا ۔