خان شہزاد:صدرلاہور چیمبر نے ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے حکومت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمان سہگل نے اپنے بیان میں کہا کہ چیمبر طویل عرصے سے ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کر رہا تھا اور یہ فیصلہ اسی مطالبے کی سمت ایک مثبت قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں کمی سے ٹرانسپورٹ اور زرعی شعبے پر لاگت کا دباؤ کم ہوگا، جس سے عام صارفین اور کسان طبقہ براہ راست مستفید ہوگا،یہ اقدام معیشت کیلئے مثبت پیش رفت ہے اور اس سے کاروباری سرگرمیوں میں بھی بہتری آنے کی توقع ہے۔
انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ کاروبار دوست پالیسیوں کو مزید فروغ دیا جائے تاکہ معیشت کو استحکام مل سکے اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھیں۔
لاہور چیمبر نے حکومت کے اس فیصلے کو بروقت اور مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ بھی اسی نوعیت کے مزید ریلیف اقدامات کیے جائیں گے۔