سٹی42: شہر میں پہلی مرتبہ ایکسائز، کسٹم اور پولیس حکام نے نان کسٹم پیڈ، چوری شدہ اور نان رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف مشترکہ کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔
ڈائریکٹر موٹرز شاہد گیلانی کے مطابق اس گرینڈ کارروائی میں ٹوکن ٹیکس ڈیفالٹرز بھی نشانے پر ہیں۔
شہر کے 8 مختلف مقامات پر ای ٹی اوز کی سربراہی میں ناکہ بندی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق کسٹم حکام نان کسٹم پیڈ گاڑیاں، پولیس چوری شدہ گاڑیاں جبکہ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ نان رجسٹرڈ اور ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیاں تحویل میں لے گا۔
شاہد گیلانی کا کہنا ہے کہ ان گاڑیوں کے ذریعے جرائم میں ملوث ہونے کی اطلاعات ملی ہیں اور ان کی وجہ سے حکومت کو بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری کا سامنا ہے۔ اگلے ہفتے سے شہر بھر میں مزید بڑی کارروائیوں کا آغاز کیا جائے گا جبکہ پنجاب بھر میں ناکہ بندی کے لیے فوکل پرسنز بھی مقرر کر دیے گئے ہیں۔