احمد منصور/اویس کیانی:سکیورٹی فورسز کا لوئر دیر کے علاقے تیمرگرہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن, انتہائی مطلوب خارجی حفیظ اللہ عرف کوچوان سمیت 2دہشتگرد ہلاک ہوگئے, وفاقی وزیر داخلہ کا لوئر دیر کے علاقے تیمر گرہ میں کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین.
سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران دہشت گردوں کا گھیراؤ اور مقابلہ کیا، آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کےتبادلے میں انتہائی مطلوب خارجی حفیظ اللہ عرف کوچوان سمیت 2دہشتگرد ہلاک ہوگئے ۔
ہلاک خارجی حفیظ اللہ عرف کوچوان دہشتگردو ں کا اہم کمانڈر تھا ،حفیظ اللہ سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملوں میں ملوث تھا، حفیظ اللہ عرف کوچوان کے سر کی قیمت 1کروڑ روپے مقرر تھی،علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری، مزید دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے،آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لوئر دیر کے علاقے تیمر گرہ میں کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، وزیرداخلہ محسن نقوی نے آپریشن میں مطلوب خوارجی حفیظ اللہ سمیت 2 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی۔
محسن نقوی نے کہا سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، انتہائی مطلوب خوارجی سمیت 2 دہشتگرد جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔
سکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی قوم معترف ہے، قیام امن کیلئے پوری قوم سکیورٹی فورسزکے ساتھ کھڑی ہے، خوارجی دہشتگردوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رہیں گے۔