(سٹی42)رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اس حوالے سےمحکمہ موسمیات نے اہم پیش گوئی کرتے ہوئے بتایا کہ 13 اپریل کو چاند نظر آنے کا امکان ہے، اس روز مطلع بھی صاف ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق رحمتوں والا بابرکت مہینہ شروع ہونے میں چند روز باقی ہیں، توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ رمضان المبارک کا پہلا روز14 اپریل کو ہوگا، محکمہ موسمیات نے اہم پیش گوئی کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں پہلا روز 14 کو ہوسکتا ہے کیونکہ اس روز چاند نظر آنے کا امکان ہے اور اس دن مطلع بھی صاف ہوگا۔
محکمہ موسمیات نے مزید پیش گوئی کرتے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران موسم گرم اور خشک رہے گا، 15 روزوں کے بعد درجہ حرارت میں اضافہ ہو گا۔رمضان المبارک کے دوران تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
سورج کا پارہ ہائی، گرمی کے پیش نظر چھٹی کے روز شہریوں نے نہر کا رخ کر لیا، بچے بڑی تعداد نہر میں نہانے میں مشغول رہے۔درجہ حرارت بڑھتے ہی گرمی نے شہریوں کے پسینے چھڑواا دیئے، شہر میں درجہ حرارت آج زیادہ سے زیادہ 36 جبکہ کم سے کم 21 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا ، چھٹی کے روز گرمی کے پیش نظر شہریوں نے بچوں کے ہمراہ نہر کا رخ کر لیا .
بڑی تعداد میں بچے گرمی کا زور توڑنے کے لیے نہر میں نہاتے دکھائی دیئے، دھرم پورہ پل پر بچوں کی بڑی تعداد موجود رہی، کسی نے غوطہ خوری کی تو کسی نے تیراکی کے جوہر دکھائے ۔ بچوں کا کہناہے کہ گھروں میں گرمی کےباعث نہر کا رخ کیا۔
شہر لاہور کا مطلع معتدل ہے، درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات کی جانب سے آج درجہ حرارت 36 ڈگری تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔