سٹی42: دوسری بین الاقوامی چار روزہ ٹیکسٹائل نمائش ٹیکسپو کا افتتاح کردیا گیا، نمائش کی افتتاحی تقریب کےمہمان خصوصی مشیروزیر اعظم عبدالرزاق داؤد تھے جبکہ نمائش میں یوکے سمیت دیگرممالک کےمندوبین نے بھی شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق ایکسپو سنٹرمیں چار روزہ ٹیکسٹائل سیکٹرکی بین الاقوامی نمائش ٹیکسپو کا افتتاح وزیر اعظم کے مشیر برائے کامرس و ٹیکسٹائل عبدالرزاق داؤد نے کیا، افتتاحی تقریب میں یوکے پاکستان چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرامجد خان، جوائنٹ سیکرٹری سردار شفقت، ڈائریکٹر فیصل خواجہ، چیئرمین شاہدمرزا، ڈائریکٹرکاشف خان، ساجدخان، میاں وحید، عامر خواجہ، عائشہ ملک، فرح شیخ، فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس کےصدرحاجی داروخان، ریجنل چئیرمین عبدالروف مختار، لاہورچیمبرکے سینئر نائب صدرخواجہ شہزادناصر، میجر( ر) اخترنذیر سمیت ملکی اورغیرملکی مندوبین نے شرکت کی۔
اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو میں وزیر اعظم کے مشیرعبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ مہنگائی بڑھی ہےاس میں کوئی شک نہیں جبکہ مارچ میں ایکسپورٹس کم کیوں ہوئیں اس کا پتا لگارہےہیں۔ انکا کہنا تھا کہ چین کیساتھ ایف ٹی اے 2 کو حتمی شکل دی جا چکی ہے اور اس سلسلے میں وزیر اعظم رواں ماہ چین کے دورے کے موقع پر معاہدے پردستخط کریں گے۔
ٹیکسپو میں شرکت کرنیوالے یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس کے وفد کے شرکا نے پاکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل دنیامیں کسی بھی ملک کے ٹیکسٹائل سے کم نہیں۔ ٹیکسپومیں تین سو سے زائد ملکی و غیرملکی مندوبین حصہ لے رہے ہیں۔