سٹی42ـ ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ کے مطابق ناقص کارکردگی دکھانے والے افسران کو مزید پرکشش عہدوں پر نہیں رہنے دیا جائے گا۔ لاہور میں پراپرٹی ٹیکس ریکوری کے ہدف میں ناکامی پر 28 انسپکٹرز کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔ دو انسپکٹرز کو آن پے اسکیل میں تنزلی کا سامنا کرنا پڑا۔
اعداد و شمار کے مطابق، 80 فیصد سے کم ریکوری کرنے والے 10 انسپکٹرز ریجن اے، 7 ریجن بی اور سی، جبکہ 4 انسپکٹرز ریجن ڈی لاہور کے تھے۔ تمام انسپکٹرز کو ان کے موجودہ ریجن سے ہٹا کر دیگر ریجنز میں بھیج دیا گیا ہے۔
عمر شیر چٹھہ نے کہا کہ یہ اقدامات مرحلہ وار کیے جا رہے ہیں، پہلے مرحلے میں لاہور ڈویژن کے افسران کو تبدیل کیا گیا ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں راولپنڈی سمیت دیگر ریجنز میں تبدیلیاں کی جائیں گی۔ انسپکٹرز کو بارہا وارننگز اور شوکاز نوٹسز کے باوجود کارکردگی بہتر نہ کرنے پر ہٹایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بہتر کارکردگی دکھانے والے ای ٹی اوز اور انسپکٹرز کو انعامات دیے جائیں گے، جس کے لیے سمری حکومت کو بھجوا دی گئی ہے، اور منظوری کے بعد ریوارڈز کا اجرا کیا جائے گا۔
ڈی جی ایکسائز کے مطابق ٹاپ ٹیکس پیئرز کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک خصوصی تقریب بھی جلد منعقد کی جائے گی تاہم گزشتہ سال کے دوران مجموعی طور پر 100 فیصد ریکوری کے باوجود پراپرٹی ٹیکس کا ہدف حاصل نہیں کیا جا سکا۔