سٹی42: پنجاب بھر میں جدید الیکٹرک بسیں چلانے کے منصوبے میں بڑی پیشرفت، چین سے منگوائی گئی الیکٹرک بسوں کو مختلف اضلاع میں پہنچانے اور چلانے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
اس سلسلے میں صوبائی وزراء بلال اکبر خان اور ملک صہیب احمد برتھ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ ٹرانسپورٹ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے حکام نے آن لائن شرکت کی۔
اجلاس میں سی ای او پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کوثر خان نے منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 1100 ایکو فرینڈلی الیکٹرک بسوں کے منصوبے پر عملدرآمد جاری ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کا کہنا تھا کہ لاہور کے بعد دیگر اضلاع میں بھی چند روز میں سروس کا آغاز ہونے جا رہا ہے اور آئندہ چند ہفتوں تک تمام اضلاع کی سڑکوں پر یہ بسیں رواں دواں ہوں گی۔
وزیر قانون نے کہا کہ ان ای بسوں کے ذریعے عوام کو سستی، معیاری اور آرام دہ سفری سہولیات میسر آئیں گی، جب کہ یہ ماحول دوست منصوبہ فضائی آلودگی میں کمی اور توانائی کے بہتر استعمال کا باعث بھی بنے گا۔