سٹی 42: کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے 132,564 لیٹر ایرانی اسمگل شدہ ہائی اسپیڈ ڈیزل لے جانے والی تین لانچیں پکڑ لیں
ایف بی آر کے مطابق کسٹمزانفورسمنٹ کراچی کے میرین انفورسمنٹ یونٹ کو انسدادِ اسمگلنگ مہم میں ایک بڑی کامیابی مل گئی ۔ ساحلی راستے سے اسمگل شدہ پٹرولیم مصنوعات منتقل کرنے کی خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی گئی ۔میرین انفورسمنٹ ٹیم نے مطلوبہ لانچوں کا درست سراغ لگا کر انہیں پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ روک لیا۔
پکڑے جانے کے بعد لانچوں کوکسی جانی نقصان کے بغیر کراچی پورٹ پر اے ایس او دفتر پہنچا دیا گیا۔ضبط شدہ ڈیزل کی مالیت تقریباً 33.14 ملین روپے ہے جبکہ تینوں لانچوں کی مالیت 45 ملین روپے ہے۔
میرین یونٹ کی جانب سے کی جانے والی کارروائی میں پٹرولیم مصنوعات کی اب تک کی سب سے بڑی برآمدگی ہے۔ستمبر 2025 میں بھی اورماڑہ اور سونمیانی ساحل کے قریب 18,271 لیٹر اور 29,272 لیٹر اسمگل شدہ ہائی اسپیڈ ڈیزل برآمد کیا گیا تھا۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ محدود افرادی و مالی وسائل کے باوجود یہ کامیابیاں یونٹ کی بہتر نگرانی، مؤثر آپریشنل ہم آہنگی، اور نمایاں کارکردگی کی عکاسی کرتی ہیں۔ٹیم کی لگن، مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث سمندرکے راستے اسمگلنگ کے منظم نیٹ ورک کے خلاف غیر معمولی نتائج حاصل ہوئے ہیں۔کلکٹوریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ)نے کراچی میرین انفورسمنٹ یونٹ کی شاندار کارکردگی کو سرا ہا ہے ۔قومی محصولات اور معاشی مفادات کا مؤثر تحفظ کے لئے پاکستان کسٹمز کی سمندری نگرانی و نفاذ کی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنا یا جائے گا ۔