(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ نے بیرون ملک سے پڑھ کر ڈاکٹر بننے والوں کو پریکٹس کرنے کی اجازت دینے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے انیس جولائی کو محفوظ کیا گیا فیصلہ جاری کردیا جو 24 صفحات پر مشتمل ہے۔ عدالت نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے ریگولیشن 48 اور 60 اور پی ایم ڈی سی کے سیکشن 15 کو غیر قانونی قرار دے دیا. عدالت نے پی ایم ڈی سی کو ڈاکٹرز سے امتحان لینے اور کامیاب ہونے والوں کو این او سی جاری کرنے کا بھی حکم دے دیا۔
بیرون ملک سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری کرنے والی کرن شہزادی سمیت دیگر ڈاکٹرز نے پریکٹس کی اجازت نہ ملنے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ درخواست گزاروں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ بیرون ملک سے میڈیکل کی تعلیم حاصل کی اب پی ایم ڈی سی پریکٹس کی اجازت نہیں دے رہی. لہذا عدالت پی ایم ڈی سی کو میڈیکل پریکٹس کرنے کی اجازت دینے کا حکم دے۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ میرٹ کے مطابق میڈیکل پریکٹس کرنے کی اجازت دی جاتی ہے. بیرون ملک سے پڑھ کر آنے والوں کے نمبرز کم ہونے کے باعث یہ میرٹ پر پورا نہیں اترتے۔
عدالت سے اجازت نامہ ملنے پر بیرون ملک سے تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات نے بھر پور خوشی کا اظہار کیا۔