شاہد سپرا:صارفین کی جانب سے سولر سسٹمز میں ناقص انورٹر لگانے کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر لیسکو نے نیٹ میٹرنگ پراجیکٹس کے لیے نئی سخت شرائط عائد کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق نیٹ میٹرنگ کے لیے میٹرز کی ایلوکیشن کے دوران انورٹر نمبر اور کمپنی کا اندراج لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انورٹر نمبر کو ای آر پی سسٹم پر درج کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
میٹر ایلوکیشن کے وقت ڈیمانڈ نوٹس کے ساتھ انورٹر نمبر درج کرنا ہوگا، بصورتِ دیگر ایلوکیشن منسوخ کر دی جائے گی۔
کمپنیز کی جمع شدہ فائلوں میں درج انورٹر نمبر ریکارڈ کا حصہ ہوں گے، جبکہ میٹر کی تنصیب کے وقت انورٹر نمبر کی تصدیق بھی کی جائے گی۔
انورٹر نمبر میں کسی بھی قسم کے تضاد کی صورت میں صارفین کو میٹر نصب نہیں کیا جائے گا۔