ڈینگی کے وار تیز: کون سی ادویات مارکیٹ سے غائب؟

dengue in Lahore
کیپشن: dengue
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: ڈینگی مچھر کا زہر تیزی سے پھیلنے لگا،  مہلک وائرس  لاہور میں مزید 6 قیمتی زندگیاں نگل گیا، 2 پولیس کانسٹیبلز بھی مرض کی تاب نہ لا سکے،  سرکاری طور پر 380 نئے مریضوں کی تصدیق ہوگئی۔ میڈیکل سٹورز پر ادویات کی قلت بھی برقرار  رہی، مریض بخار کی دوا پیناڈول ٹیبلٹ اور تھرمامیٹر کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پرمجبور ہوگئے،  وزیراعلیٰ پنجاب نے سعودی عرب سے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کے حکام کو ادویات کی قلت فوری دور کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

ڈینگی مچھر کی اڑان پہلے سے زیادہ مہلک ہوگئی، 24 گھنٹوں میں 6 افراد دم توڑ گئے۔سرکاری طور پر 380 نئے مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے تاہم غیر سرکاری اعداد وشمار کے مطابق مریضوں کی تعداد کئی گنا زیادہ ہے۔ قربان لائن کا رہائشی نوجوان احمد علی مرض کی شدت کے باعث جاں بحق ہو گیا جبکہ ن لیگ کی رکن پنجاب اسمبلی ربیعہ نصرت بھی ڈینگی میں مبتلا ہوگئیں۔

ڈینگی نے پولیس فورس کو بھی نشانے پر رکھ لیا،  ہیڈ کانسٹیبل افتخار حسین اور سی سی پی او آفس میں تعینات ہیڈ کانسٹیبل محمد ارشد مرض کی تاب نہ لا سکے۔ ڈینگی سے متاثرہ 41 اہلکار مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

ایک طرف ڈینگی تباہی پھیلا رہا ہے تو دوسری جانب مریضوں کو ادویات کی عدم دستیابی کا عذاب جھیلنا پڑ رہا ہے ۔ پیناڈول ، پیراسیٹامول اور تھرمامیٹر میڈیکل سٹورز سے بدستور غائب ہیں،  سیریس مریضوں کیلئے پیراسیٹامول انجکشن بھی دستیاب نہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سعودی عرب سے ادویات کی قلت کا نوٹس لے لیا۔ محکمہ صحت کے حکام کو میڈیکل سٹورز پر ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

Malik Sultan Awan

Content Writer