طلبا کیلئے خوشخبری، تھل یونیورسٹی کے قیام کی منظوری

طلبا کیلئے خوشخبری، تھل یونیورسٹی کے قیام کی منظوری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( علی اکبر ) وزیراعلیٰ پنجاب نے بھکر میں تھل یونیورسٹی کے قیام کی اصولی منظوری دے دی، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کے قیام سے ضلع بھکر اور اس کے گردو نواح کے طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کی سہولت ان کی دہلیز پر ملیں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تھل یونیورسٹی بھکر کے قیام کے حوالے سے محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب کی سمری منظور کر لی ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کے قیام سے ضلع بھکر اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں کے طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کی سہولت ان کی دہلیز پر ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبا وطالبات کو اعلیٰ تعلیم کیلئے اب بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا، بھکر میں یونیورسٹی آف سرگودھا کے سب کیمپس کو یونیورسٹی آف تھل کے سٹی کیمپس میں تبدیل کیا جائے گا۔

یونیورسٹی آف سرگودھا کا سب کیمپس 108 کنال اراضی پر مشتمل ہے، 200 سے 300 ایکڑ اراضی پر بھکر میں تھل یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر بھکر کو تھل یونیورسٹی کیلئے اراضی کی جلد نشاندہی اور یونیورسٹی کے قیام کیلئے بل کا مسودہ فی الفور تیار کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کیلئے تعلیم کے شعبہ کی بہتری اولین ترجیح ہے، تعلیمی بجٹ میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے، سابق ادوار میں تعلیم کے شعبہ کے حوالے سے زبانی جمع خرچ زیادہ کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک برس کے دوران صوبے میں 8 یونیورسٹیاں اور 5 انسٹیٹیوٹس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع دے کر انہیں بااختیار بنا رہے ہیں۔