سٹی 42: معرکہ حق میں شاندار فتح کا ایک سال مکمل ہونے پرپاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں پروقار تقریب کاانعقادکیاگیا۔
وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ معرکہ حق جنگی فتح نہیں بلکہ ملک کی حرمت کے تقدس کی جنگ تھی، آئندہ خودمختاری کو چیلنج کرنے کی کوشش پر جواب اس کی سوچ سے زیادہ شدید اور برق رفتار ہوگا، پاکستان کی سلامتی اور آزادی پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے کہاکہ پاکستانی عوام وطن کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن جاتی ہے،پاک بحریہ نے سمندری حدود کی حفاظت کویقینی بنایا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پریادگار شہدا پر پھول رکھے،فاتحہ خوانی کی،تقریب کے آغاز پر قومی ترانہ پیش کیاگیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ معرکہ حق کے شہدا ء وغازیوں کو سلام پیش کرتاہوں، مسلح افواج نے ملک کی سلامتی میں اپنا اہم کردار ادا کیا، مسلح افواج نے دشمن کوایسا سبق سکھایا کہ وہ یاد رکھےگا،بحریہ ہماری سمندری حدود کی محافظ ہے،مسلح افواج نے سرحدوں کو محفوظ بنایا۔