ویب ڈیسک : سندھ کابینہ کے اجلاس میں صوبے بھر میں سکولز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ نے اسکولز کو 31 مارچ تک بند رکھنے کی منظوری دے دی ہے۔
سندھ کابینہ کے فیصلے کے مطابق اسکولز بند ہونے کے باوجود امتحانات اپنے مقررہ وقت پر ہی منعقد ہوں گے۔
یاد رہے اس سے قبل مشرق وسطیٰ میں جنگی صورتحال کے پیش نظر پنجاب اور بلوچستان میں تعلیمی اداروں کو فوری بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ پنجاب میں بھی تعلیمی ادارے 31 مارچ جبکہ بلوچستان میں تعلیمی ادارے 23 مار چ تک بند رہیں گے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں سکولز،جامعات اور ڈگری ایوارڈنگ اداروں کے اوقات کار میں عارضی تبدیلی کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر کی تمام سرکاری و نجی سکولز،جامعات جمعہ اور ہفتہ کو بند رہیں گی۔
محکمہ ایلمنٹری و سیکنڈری ایجوکیشن ،ہائیر ایجوکیشن، اور آرکائیوز اینڈ لائبریریز ڈیپارٹمنٹ نے باقاعدہ طور پر نوٹیفکیشنز جاری کر دیئے ۔ فیصلے کا اطلاق ابتدائی طور پر2ماہ کے لیے ہوگا۔
اعلامیے میں تعلیمی اداروں کے لیے ہائبرڈ اور آن لائن کلاسز کو ترجیح دینے کی ہدایت کر دی گئی۔ تمام سکولز سربراہان ،وائس چانسلرز اور متعلقہ اداروں کو فیصلے پر عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی گئی۔