ویب ڈ یسک :پیٹرولیم بحران کے پیشِ نظر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے بحران کے خاتمے تک صوبائی وزرا کے لیے سرکاری گاڑیوں کا فیول بند کرنے کا فیصلہ کر دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جنگ کے نتیجے میں معاشی مشکلات کے مقابلے کے لیے غیر معمولی اقدامات اٹھائے ہیں۔
مریم نواز نے پیٹرولیم بحران کے خاتمے تک پنجاب کے وزرا کے لیے سرکاری فیول بند جبکہ سرکاری افسران کی گاڑیوں کے لیے پیٹرول اور ڈیزل الاؤنس میں 50 فیصد فوری کمی کردی ہے۔
صوبائی وزرا، اعلیٰ سرکاری افسر کے ہمراہ چلنے والی پروٹوکول گاڑیوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ناگزیر سیکیورٹی کے لیے صرف ایک گاڑی صوبائی وزرا، اعلیٰ سرکاری افسر کے ساتھ ہوگی۔
علاوہ ازیں پنجاب سرکاری دفاتر میں ’ورک فرام ہوم‘ کا فیصلہ کیا گیا ہے صرف ضروری عملہ ہی دفتر آئے گا، شہریوں کی سہولت کے لیے ای بزنس اور ’مریم کی دستک‘ کے تحت سروسز جاری رہیں گی۔
سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے آن لائن اجلاس اور ٹیلی کانفرنسز منعقد ہوں گی، سرکاری آؤٹ ڈور تقریبات پر پابندی، ہارس اینڈ کیٹل شو کا ثقافتی تہوار بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی مانیٹرنگ کے لیے ڈسٹرکٹ پیٹرولیم مانیٹرنگ کمیٹیاں قائم کرنے کا حکم دیا ہے، پی آئی بی کو پیٹرولیم مصنوعات کے لیے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم تیار کرنے کا ٹاسک دیدیا گیا ہے۔