(عمر اسلم) مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے، صدرمسلم لیگ ن میاں شہبازشریف نے احسن اقبال کی جلد صحت یابی کےلئے نیک خواہشات کااظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا جس کے بعد احسن اقبال نے خود کو چودہ روز کے لئے اپنی رہائش گاہ پر قرنطینہ کر لیا ہے۔ اس سے قبل شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب،سابق صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق سمیت دیگر لیگی رہنماؤں کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آ چکا ہے۔ شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال اور مریم اورنگزیب 3 جون کو لاہور ہائیکورٹ میں شہباز شریف سے اظہار یکجہتی کے لئے پہنچے تھے۔
بعدازاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پارٹی سیکرٹری جنرل احسن اقبال کے کورونا پازیٹیو ہونے پر اظہار افسوس کیااور صحت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ احسن اقبال انتہائی، قابل، محنتی اور نظریاتی وابستگی رکھنے والے رہنما اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ایک نظریاتی اور اسلامی گھرانے کے لائق چشم و چراغ کے طور پر احسن اقبال نے ہمیشہ پاکستان اور عوام کے مفادات کے لئے جرات مندانہ کردار ادا کیا ہے۔ اللہ تعالی احسن اقبال سمیت کورونا سے متاثرہ تمام لوگوں کو صحت کاملہ عطا فرمائے تاکہ وہ تندرست ہو کر دوبارہ اپنا کردار ادا کریں۔