جیل روڈ (زاہدچودھری ،رضوان نقوی ) کورونا کے بڑھتے وار، صورتحال سنگین سے سنگین، لاہور میں مزید 15 اموات، 88 روز میں جاں بحق افراد کی تعداد 283 ہو گئی، 24 گھنٹوں میں 967 نئے کیسز ، وبا سے متاثرہ 20 ہزار سےتجاوز، پنجاب بھر میں مجموعی طور پر 1916 نئے کیسز سے مجموعی مریض 40 ہزار 819 ہوگئے، 48 مزید اموات کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 773 ہوگئی، 8 ہزار 293 مریض صحتیاب ہو گئے، جبکہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات کسٹم انسپکٹر ندیم احمد کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے.
تفصیلات کے مطابق لاہور میں 24گھنٹے کے دوران کورونا سے مزید 15افراد جاں بحق، 967 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ 87 روز کے دوران اموات کی تعداد 283 اور کیسز 20 ہزار سے تجاوز کر گئے،علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات کسٹمز انسپکٹر ندیم احمد کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر تعینات انسپکٹر کسٹم ندیم احمدکو کورونا وائرس کی تشخیص ہونے پر میو ہسپتال قرنطینہ سنٹر میں داخل کروایا گیا تھا۔ جہاں وہ جانبرنہ ہوسکے اوردم توڑگئے۔ پنجاب بھر میں مجموعی طور پر 1916 نئے مریض سامنے آگئے۔ 48 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوگئی۔ شہر میں24گھنٹے کے دوران کوروناسے 15افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 967 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
کورونا وائرس سے شہر میں اب تک مجموعی طور پر 283 اموات ہوچکی ہیں اور کیسز کی تعداد 20173 ہوگئی ہے۔ صوبے میں مصدقہ مریضوں کی مجموعی تعداد 40819 ہو گئی ۔پنجاب میں کورونا وائرس سے مزید48 اموات کے بعد کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 773 ہو گئی ہے۔ ترجمان محکمہ پرائمری ہیلتھ کے مطابق صوبے میں اب تک 299,097 افرادکے کوروناٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
وبا سے بچنے کیلئے شہری احتیاط کریں، لاہور کے بڑے ٹیچنگ ہسپتال کورونا کے مریضوں سے بھر گئے، وائرس کے خطر ناک فیز کا آغاز ہو گیا ہے ، جنرل ہسپتال، پی کے ایل آئی، جناح ہسپتال کے یونٹ فل ہوگئے، سروسز کے 86 فیصد، گنگا رام میں 70 فیصد بستر بھر گئے، وزیر صحت یاسمین راشد نے ہسپتالوں میں جگہ کم پڑنے کی تردید کردی ، جبکہ پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کے ایک ہزار مریضوں پر ایکٹیمرا انجکشن کے ٹرائل کا فیصلہ کیا ہے، یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ابتداء میں ایکٹیمرا کے کچھ فوائد نظر آئے تھے،اس کے اچھے اور برے دونوں قسم کے اثرات ہو سکتے ہیں۔