فاران یامین: لاہور کے علاقے اچھرہ میں واقع ایک ٹیوشن سینٹر میں 10 سالہ نعیمہ کے قتل کے واقعے کا مقدمہ والد محمد عدنان کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق نعیمہ دوپہر ایک بجے اپنی دو بہنوں کے ساتھ ٹیوشن کے لیے گئی تھی۔ بعد ازاں ٹیچر کے والد عبدالرؤف نے اطلاع دی کہ بچی کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی ہے، جس پر اسے بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔
مقدمے میں بتایا گیا ہے کہ نعیمہ کی گردن پر رسی کے نشانات پائے گئے ہیں۔ پولیس نے قتل سمیت مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹ سامنے آنے کے بعد واقعے کی اصل وجوہات اور حقائق واضح ہوں گے۔