(سٹی 42) جولائی تا دسمبر ملکی قرضوں میں 2240 ارب کا ریکارڈ اضافہ، تبدیلی کے بہکاوے میں تابڑ توڑ واردات کے نتیجے میں ہر پاکستانی مزید 10 ہزار کا مقروض ہو گیا، پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ( ن) نے مذمتی قرارداد جمع کرادی۔
قرارداد مسلم لیگ ( ن) کی رکن سلمہ سعدیہ تیمورکی طرف سے جمع کرائی گئی، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق موجودہ حکومت نے اپنی مدت کے پہلے 5 ماہ میں پچھلے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں، سابقہ حکومت پر تنقید کرنیوالی پی ٹی آئی کی حکومت نے جولائی 2018 سے 31 دسمبر تک 2240 ارب روپے قرضہ لیا۔
قرض مانگنے کے بجائے خودکشی کرلینے کے دعویداروں نے ملک کو مزید مقروض کرنے میں سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پہلے 5 ماہ میں ہر پاکستانی پر مزید 10 ہزار روپے فی کس بوجھ بڑھا ہے، جو زمین و آسمان کے قلابے ملایا کرتے تھے وہ آج ملک کی معاشی صورتحال پر خاموش ہیں۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت فوری طور پر بیرونی قرضے لینا بند کرے۔