ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

نوبیل انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسفزئی کیلئے ایک اور پروقار اعزاز

نوبیل انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسفزئی کیلئے ایک اور پروقار اعزاز
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: نوبیل انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسفزئی نے ایک اور پروقار اعزاز اپنے نام کرلیا۔

 آکسفورڈ یونیورسٹی کے لیڈی مارگریٹ ہال میں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے بعد ملالہ یوسفزئی کی تصویر بھی آویزاں کردی گئی ہے۔

ملالہ کی تصویر لیڈی مارگریٹ ہال میں لگانے کے حوالے سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا  جس میں ماہرین تعلیم کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

اس حوالے سے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ تمام ممالک کو طالبان پر دباؤ ڈالنا چاہیے اور ان کے ساتھ معمول کے تعلقات نہیں رکھنے چاہیں۔ 
ملالہ نے کہا کہ طالبان اپنے ملک کے آدھے حصے کو دبا رہے ہیں، وہ لڑکیوں اور خواتین کو ان کے حقوق سے محروم کر رہے ہیں، تمام ممالک انسانی حقوق کی بنیاد پر آگے آئیں اور مسلم ممالک کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ طالبان کی غیر اسلامی اقدامات کی مذمت کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ طالبان اپنے دین کو سمجھیں، علم حاصل کرنا دین کا حصہ ہے اور اب وہ کسی بھی بچی کو دین کے نام پر تعلیم سے محروم نہیں کرسکتے، افغانستان میں لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی کے حوالے سے بہت ہی خطرناک وقت ہے، طالبان لڑکیوں سے تعلیم کا بنیادی حق چھین رہے ہیں اور لڑکیاں وہاں اسکول نہیں جاسکتیں۔

https://www.geonewsurdu.tv/assets//uploads/updates/2026-02-10/427399_6862150_updates.jpg

ملالہ کا کہنا تھا طالبان کا لڑکیوں کو تعلیم کے حصول سے روکنا اسلام کے پیغام کے خلاف ہے، طالبان خواتین کو گھر سے باہر جانے اور کام کرنے نہیں دے رہے، وہاں بچوں کا مستقبل تاریک نظر آتا ہے، افغان خواتین اور لڑکیاں ہمت نہیں ہار رہیں وہ اب بھی خفیہ اسکولوں میں اور آن لائن تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔

ملالہ یوسفزائی نے یہ بھی کہا کہ میں افغان لڑکیوں کے ساتھ کھڑی ہوں اور ان کے پروجیکٹ کو سپورٹ کر رہی ہوں، پاکستانی افغانیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں اور طالبان کے اقدامات کی مذمت کریں، بے نظیر بھٹو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کی خواتین کیلئے “انسپریشن” ہیں۔

https://www.geonewsurdu.tv/assets//uploads/updates/2026-02-10/427399_3859692_updates.jpg

اس حوالے سے پورٹریٹ اسپانسر حامد اسماعیل نے کہا کہ انتہائی پروقار یونیورسٹی میں ملالہ کا پورٹریٹ لگنا صرف ملالہ کیلئے نہیں بلکہ پاکستان کیلئے اعزاز ہے، پورٹریٹ کی اسپانسرشپ کیلئے مجھے منتخب کرنا میرے لیے بھی اعزاز ہے۔

اس موقع پر ملالہ کے والد ضیا الدین یوسفزئی نے کہا کہ شکر اور فخر ہے کہ بے نظیر کے بعد لڑکیوں کی تعلیم کیلئے خدمات پر ملالہ کی تصویر آکسفورڈ یونیورسٹی میں لگی ہے جب کہ ملالہ کی والدہ نے کہا کہ ملالہ کی تصویر لگنے پر بہت خوش ہوں اور فخر ہے، اللہ تعالی نے اسے نئی زندگی دی تھی۔

Ansa Awais

Content Writer