عابد چودھری :لاہور پولیس کے ترجمان کے مطابق رواں سال پولیس خدمت مراکز کے ذریعے 2 لاکھ 8 ہزار سے زائد شہریوں کو مختلف سہولیات فراہم کی گئیں، جو عوام دوست پولیسنگ کی واضح مثال ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس خدمت مراکز سے 13 ہزار سے زائد کریکٹر سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے، جبکہ 31 ہزار سے زائد شہریوں نے مختلف نوعیت کی ویریفکیشن کروائیں۔ اسی طرح 1800 سے زائد افراد نے دستاویزات کی گمشدگی کا اندراج کرایا اور 1200 سے زائد شہریوں نے ایف آئی آر کی نقول حاصل کیں۔
ڈرائیونگ سہولیات کے حوالے سے پولیس خدمت مراکز نے نمایاں کارکردگی دکھائی، جہاں 82 ہزار سے زائد لرننگ لائسنس جاری کیے گئے۔ اس کے علاوہ 50 ہزار سے زائد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری جبکہ 24 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس ری نیو کیے گئے۔ رواں سال کے دوران 722 ڈپلیکیٹ اور 1853 انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس بھی جاری کیے گئے۔
اس موقع پر سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ پولیس خدمت مراکز عوام دوست پولیسنگ کی عملی مثال ہیں اور یہ مراکز شہریوں کو فوری ریلیف اور آسان رسائی فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل اصلاحات کے باعث شفافیت میں اضافہ ہوا ہے اور عوامی سہولیات کے معیار میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس کا براہِ راست فائدہ شہریوں کو مل رہا ہے۔