سٹی 42:پاکستان اور روس کے درمیان مال بردار ریل سروس کا پائلٹ پروگرام شروع کیے جانے کا امکان ہے۔ ماسکو،فیصل آباد اور ماسکو،کراچی روٹس پر دونوں سمتوں میں پہلی مال بردار ریل سروس کے آغاز پر کام ہو رہا ہے۔
روسی فیڈریشن کے سفیر البرٹ پی خورئیو نے روسی اخبار ’’ ازویستیا ‘‘ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ماسکو،فیصل آباد اور ماسکو،کراچی روٹس پر دونوں سمتوں میں پہلی مال بردار ریل سروس کے آغاز پر کام کر رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہم یہ کام اپنے پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ ملکر کر رہے ہیں، اس منصوبے میں بیلاروس کی شمولیت کے امکان پر بھی غور کیا جا رہا ہے، 2025 اور 2026 کے اوائل میں خطے میں جغرافیائی سیاسی کشیدگی میں اضافے کے باعث اس منصوبے پر عمل درآمد کئی مرتبہ مؤخر کرنا پڑا ہے۔
روسی سفیر کے مطابق اس وقت فریقین مال برداری سے متعلق خدمات کے معاہدے کو حتمی شکل دے رہے ہیں، فریقین مجوزہ روٹ میں شامل ممالک میں ایسی کمپنیوں کی نشاندہی کر رہے ہیں جو اس راستے کے ذریعے اپنے تجارتی سامان کی ترسیل میں دلچسپی رکھتی ہوں۔