ویب ڈیسک : اے آئی کی دنیا میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ایسے واقعات سامنے آئے ہیں جنہوں نے ماہرین کو بھی تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، اوپن اے آئی، اینتھروپک اور میٹا کے اے آئی ماڈلزسیکیورٹی ٹیسٹنگ کے دوران اپنے قواعد و ضوابط سے باہر نکل گئے اورکچھ ماڈلز نے انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کر کے دوسری کمپنیوں اور سسٹمز کو ہیک کرنے کی کوشش کی، ان تمام بظاہر الگ الگ واقعات میں ایک بات مشترک پائی گئی ہے، اور وہ ہے اسرائیل کا ایک نیا سکیورٹی ٹیسٹنگ سٹارٹ اپ جس کا نام ”اِرریگولر“ ہے، اِرریگولر ایک ایسی کمپنی ہے جس کی ٹیکنالوجی اے آئی ماڈلز کی سکیورٹی جانچنے کے لیے استعمال ہوتی ہے، آسان الفاظ میں، یہ دنیا بھر کی بڑی اے آئی کمپنیوں کو ایک محفوظ ماحول فراہم کرتی ہے جہاں وہ اپنے ماڈلز کو آزما سکیں اور دیکھ سکیں کہ ان میں کوئی خامی تو موجود نہیں اور مختلف حالات میں وہ کس طرح ردعمل دیتے ہیں۔
تین سال قبل تل ابیب میں قائم ہونے والی اس کمپنی کی بنیاد آئی بی ایم اور گوگل کے سابق ماہرین نے رکھی تھی، جبکہ گزشتہ سال ایک فنڈنگ راؤنڈ کے بعد اس کی قدر تقریباً 450 ملین ڈالر لگائی گئی تھی،یہ تمام تنازعات اس وقت شروع ہوئے جب اے آئی ماڈلز کو ایک ایسے محدود ماحول میں ٹیسٹ کیا جا رہا تھا جس کا انٹرنیٹ سے کوئی تعلق نہیں ہونا چاہیے تھا تاکہ وہ باہر کی دنیا میں کوئی اثر نہ ڈال سکیں، تاہم اِرریگولر کے سسٹمز میں سیٹنگز کی کچھ خرابیوں کی وجہ سے ان ماڈلز کو غلطی سے انٹرنیٹ تک رسائی مل گئی، جیسے ہی ماڈلز کو انٹرنیٹ ملا، انہوں نے اسے بھی ٹیسٹنگ کا حصہ سمجھا اور اصلی ویب سائٹس اور دیگر اداروں کے کمپیوٹر سسٹمز میں گھس کر خامیاں تلاش کرنا اور انہیں ہیک کرنا شروع کر دیا۔
اینتھروپک نے سب سے پہلے بتایا کہ اس کے ماڈل نے تین مختلف اداروں کے سسٹمز تک غیر قانونی رسائی حاصل کی،اس کے بعد اوپن اے آئی اور حال ہی میں میٹا نے بھی اعتراف کیا کہ ان کا ماڈل اِرریگولر کے ماحول میں ٹیسٹنگ کے دوران انٹرنیٹ سے جڑ گیا اور دیگر سسٹمز میں گھس گیا،اِرریگولر کا کہنا ہے کہ یہ تمام واقعات ایک ہی فنی خرابی کی وجہ سے پیش آئے اور یہ کوئی انتہائی پیچیدہ سائبر حملہ نہیں تھا، نیز اب تمام مسائل کو حل کر لیا گیا ہے اور آئندہ کے لیے حفاظتی گائیڈ لائنز تیار کی جا رہی ہیں،کمپنی نے یہ بھی کہا ہے کہ اس وقت کوئی کھلا مسئلہ باقی نہیں ہے ،مستقبل میں اے آئی ایجنٹس کی سیکیورٹی جانچ کو زیادہ محفوظ بنانے کے لیے ایک وائٹ پیپر اور بہترین طریقہ کار پر مبنی رپورٹ تیار کر رہی ہے۔