شاہین عتیق:شیرا کوٹ تھانے میں ترکیہ سے آنے والے شہری پر مبینہ تشدد کے معاملے پر عدالت نے سخت نوٹس لے لیا ہے۔ کیس ایڈیشنل سیشن جج نثار احمد کی عدالت میں پیش ہوا، جہاں پولیس سے فوری رپورٹ طلب کرلی گئی۔
متاثرہ شہری امجد پرویز کے وکیل عمران حسین شیخ نے پولیس کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواست دائر کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ امجد پرویز ترکیہ میں کام کرتا ہے اور چھٹی پر پاکستان آیا تھا۔
متاثرہ شہری کے مطابق اسے مبینہ طور پر ناجائز طور پر حراست میں لے کر تھانے میں رکھا گیا، جس کے باعث ترکیہ واپسی کی اس کی ٹکٹ بھی ضائع ہوگئی۔ درخواست میں پولیس اہلکاروں پر تشدد کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔
کیس کی سماعت کے دوران ایڈیشنل سیشن جج نثار احمد نے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سی آر او، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور متعلقہ پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے اندراج مقدمے کی درخواست پر پولیس کو فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔