سٹی 42 : وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی صدر جمہوریہ آذربائیجان جناب الہام علیئیف سے ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی، جس میں وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کی ثالثی میں حال ہی میں آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان طے پانے والے اس تاریخی امن معاہدے پر صدر علییف اور آذربائیجان کے عوام کو مبارکباد دی۔
اپنی دوستانہ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران، وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان تین دہائیوں پرانے تنازعے کو پرامن انجام تک پہنچانے اور قفقاز کے علاقے (caucasus region) کے لیے خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کرنے میں صدر الہام علییف کے بصیرت انگیز کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے اس تاریخی معاہدے کو منطقی بنانے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کو خاص طور پر سراہا۔ صدر علیئیف نے کاراباخ کے معاملے پر آذربائیجان کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ اور مسلسل حمایت کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام اس بنیادی مسئلے پر اپنے آذربائیجانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں اور یہ بات خوش آئند ہے کہ صدر علیئیف کی جرات مندانہ قیادت اور مدبرانہ قیادت میں اس خطے میں بالآخر امن قائم ہو گیا۔
صدر علیئیف نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں پرامن ماحول سے پاکستان اور وسطی ایشیا کے درمیان ترقی اور روابط بڑھانے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کے مثبت انداز پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ لاچن اور خانکنڈی میں حالیہ بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے صدر علیئیف کو جلد ہی پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی اپنی دعوت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کی شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے سائڈ لائنز پر تیانجن میں ملاقات بھی متوقع ہے۔