(جنید ریاض) میٹرک اور انٹر کے لئے سپلیمنٹری امتحان ختم،فرسٹ سالانہ امتحان اور سیکنڈ سالانہ امتحان کا سسٹم نافذ،رواں سال میٹرک اورانٹر میڈیٹ کا سپلیمنٹری امتحان نہیں ہوگا۔
تفصیلات کےمطابق تعلیمی بورڈ نے فرسٹ سالانہ امتحان اور سیکنڈ سالانہ امتحان کا سسٹم نافذ کردیا ہے، فرسٹ سالانہ امتحان ہر سال شیڈول کے مطابق ہوگا۔ سیکنڈ سالانہ امتحان 6 ماہ بعد منعقد کروایا جائے گا۔ 4 مضامین میں فیل طالب علم فرسٹ اور سیکنڈ سالانہ امتحان میں پیپر دے سکیں گے۔
بورڈ حکام کے مطابق سپلیمنٹری کا امتحان 3 سالوں میں پاس کرنا لازمی ہوگا، فرسٹ اور سیکنڈ سالانہ امتحان کے حوالے سے ایس او پیز طے کرنا باقی ہیں۔
واضح رہے کہ لاہور تعلیمی بورڈز کے تحت ستمبر کے دوسرے ہفتے میڑک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ نتائج کی تاریخ پر غور کے لئے تعلیمی بورڈز کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔
تعلیمی بورڈز کے کنٹرولر کا اجلاس رواں ہفتے ہوگا۔ اجلاس میں امتحانات کی مارکنگ کا سٹیٹس چیک کیا جائے گا۔ باہمی مشاورت سے میٹرک کے نتائج کی حتمی تاریخ کا فیصلہ کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں میٹرک کا کوئی بھی امیدوار جو پریکٹیکل کے امتحان میں غیر حاضر رہا ہے وہ دوبارہ پریکٹیکل دے سکے گا۔تمام تعلیمی بورڈز نے غیر حاضر طلباء کو دوبارہ پریکٹیکل دینے کی اجازت دے دی ہے۔