ویب ڈیسک: وزیراعظم سمیت وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت کی تنخواہوں میں 10فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن، وزیراعظم نے اپنی تنخواہ کیساتھ ماہانہ 10فیصد ایڈہاک الاؤنس لینے سے انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے موقف کے بعد وزراء نے بھی 10فیصد ماہانہ الاؤنس لینے سے انکار کردیا ہے۔ وزیراعظم نے کابینہ ڈویژن کو 10فیصد ایڈہاک الاؤنس کا نوٹیفکیشن واپس لینے کی ہدایت کردی۔ ملکی معاشی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم اور وزراء نے تنخواہ میں اضافہ لینے سے انکار کیا۔
کابینہ ڈویژن وفاقی وزراء کو تنخواہ کیساتھ 20ہزار روپے ماہانہ اور وزیر مملکت کو تنخواہ کیساتھ 18ہزار روپے ماہانہ ایڈہاک الاؤنس دینے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ وفاقی وزیر 2لاکھ روپے وزیر مملکت 1لاکھ 80ہزار روپے ماہانہ تنخواہ وصول کررہا ہے۔
دوسری جانب محکمہ خزانہ پنجاب نے تمام سرکاری ملازمین اور افسران کو 25 فی صد سپیشل الاؤنس ستمبر کی تنخواہ میں ادا کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔ سیکرٹری خزانہ افتخارعلی سہو کا کہنا ہے کہ یہ الاؤنس ان ملازمین اور افسروں کو ملے گا جنہیں پہلے کوئی اضافی الاؤنس نہیں ملتا ہے، تمام ملازمین اور افسران کو یکم جون سے یہ سپیشل الاؤنس بقایا جات کے ساتھ ملے گا۔
محکمہ خزانہ نے دس فی صد تنخواہ اور پنشن میں اضافہ بقایا جات کے ساتھ ستمبر کی تنخواہ کے ساتھ ادا کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے جبکہ محکمہ خزانہ کی طرف سے اے جی آفس کو بھی یہ حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔