سٹی 42 : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خلیج میں جنگ نہیں امن کی باتیں ہورہی ہیں، کل تک جو جنگ میں آمنے سامنے تھے آج بات چیت پر آمادہ ہیں، میں اس انتہائی پیش رفت پر ایران اور امریکا کی لیڈر شپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں میں کمی کا اعلان بھی کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ جو خطہ تباہی کا منظر تھا آج فریقین بات چیت کے ذریعے معاملات طے کرنے پر راضی ہوچکے۔ انہوں نے کہا کہ عارضی جنگ بندی کی تجویز قبول کرنے پر ایران اور امریکی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میری تجویز قبول کرتے ہوئے نہ صرف عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا بلکہ دونوں ممالک کی لیڈر شپ مذاکرات کے لیے اسلام آباد تشریف لا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ میری پرخلوص دعوت پر دونوں ممالک کی قیادت اسلام آباد آرہی ہے۔ یہ پاکستان کیلئے ہی نہیں عالم اسلام کیلئے فخر کا لمحہ ہے۔ پاکستان کی قیادت نے فریقین کو عارضی جنگ بندی پر راضی کیا۔ میں ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراچ تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے دن رات محنت کرکے فریقین کو میز پر لانے کیلئے تاریخی کردار ادا کیا، سب سے کٹھن مرحلہ مستقل جنگ بندی کا ہے، کل دونوں ممالک کی قیادت اسلام آباد میں موجود ہوگی، پاکستانی قیادت ان مذاکرات کو کامیاب کرانے کیلئے پوری کوشش کرے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں میں کمی کا اعلان کردیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ عوامی ریلیف کیلئے حکومت نے 129ارب روپے خرچ کئے ، آج قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانا میری ذمہ داری ہے، عوام نے صبر و تحمل اور برداشت کے ساتھ مہنگائی کا بوجھ برداشت کیا۔
ڈیزل کی قیمت میں فی الفور 135روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کردیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ جس سبسڈی کا اعلان کیا تھا وہ برقرار رہے گی ۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 11 روپے 83 پیسے کم ہو کر 366.58 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 134.81 پیسے کم ہو کر 385.54 روپے ہوگئی .
