سٹی 42: صدر مملکت اور وزیر اعظم نے شمالی بحیرۂ عرب میں ہنگامی امدادی کارروائی پر غیر ملکی عملے کو ریسکیو کرنے پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کیا .
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شمالی بحیرۂ عرب میں ہنگامی امدادی کارروائی کے دوران غیر ملکی عملے کو بحفاظت ریسکیو کرنے پر پاک بحریہ کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔
صدرِ مملکت نے پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت اقدام کو سراہا ، صدر زرداری نے کہا انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کا فوری اور مؤثر ردعمل قابلِ تعریف ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی بحیرۂ عرب میں ہنگامی انسانی امدادی کارروائی کے دوران مختلف ممالک کے 18 افراد پر مشتمل عملے کو بحفاظت ریسکیو کرنے پر پاک بحریہ کو خراجِ تحسین پیش کیا
وزیراعظم نے پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، فوری ردعمل اور انسان دوستی کے جذبے کو سراہا ۔وزیر اعظم نے کہا مرچنٹ ویسل “گولڈ آٹم” سے موصول ہونے والی ہنگامی اطلاع پر پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین نے فوری اور مؤثر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کیا، آپریشن میں مختلف ممالک بشمول چین، بنگلہ دیش، میانمار، ویتنام اور انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا، تمام افراد کو کراچی منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ان کی اپنے ممالک واپسی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
پاک بحریہ اپنی ذمہ داری کے دائرۂ کار میں ہر قسم کی بحری ہنگامی صورتحال میں ہمیشہ اولین امدادی ادارے کے طور پر کردار ادا کرتی رہے گی۔