ارباز خان: وساکھی میلہ، 327ویں خالصہ جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
تقریبات متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر انتظام منعقد کی جا رہی ہیں۔ یاتریوں کا استقبال ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق، صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑا ،کمشنر لاہور اور ڈی سی لاہور نے کیا۔
ذرائع کے مطابق استقبالیہ میں سردار ستونت سنگھ، سردار تارا سنگھ، سردار ڈاکٹر ممپال سنگھ اور ستونت کور سمیت دیگر کمیٹی ممبران بھی شریک ہوئے۔
ناصر مشتاق کے مطابق سکھ یاتریوں کیلئے قیام، کھانے اور ٹرانسپورٹ کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر سکھ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور دنیا بھر کے سکھ یہاں آنا چاہتے ہیں۔
جتھہ لیڈر نے کہا کہ پاکستان میں انہیں بھرپور عزت اور احترام ملتا ہے، جبکہ سردار چنٹوگ سنگھ نے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سرحدی حالات کے باوجود یاترا کی اجازت دی گئی۔
صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑا نے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان سکھوں کا پہلا گھر ہے اور ان کی آمد ہمارے لیے باعثِ خوشی ہے۔