ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وساکھی میلہ پر ہزاروں سکھ یاتریوں  کی آمد

وساکھی میلہ پر ہزاروں سکھ یاتریوں  کی آمد
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:  متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر اہتمام سکھوں کے مذہبی تہوار "وساکھی" کی تقریبات کا آغاز ہو گیا۔ بھارت سے ہزاروں سکھ یاتری اپنے مقدس مذہبی مقامات کی زیارت اور وساکھی میلہ منانے کیلئے پاکستان پہنچ چکے ہیں۔

بھارت کی 11 مختلف ریاستوں بشمول امرتسر، دہلی، ہریانہ اور اتر پردیش سے سکھ یاتریوں کا وفد واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان پہنچا جہاں ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر اور سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ فرید اقبال نے ان کا پرتباک استقبال کیا۔

ترجمان کے مطابق یاتریوں کا یہ دورہ 10 اپریل سے 19 اپریل تک جاری رہے گا۔

یاتریوں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلا گروپ گردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال روانہ ہوا،دوسرا گروپ گردوارہ دربار صاحب کرتارپور کی زیارت کے لیے روانہ کیا گیا۔دونوں گروپ 12 اپریل کو ننکانہ صاحب پہنچیں گے، جہاں وساکھی کی مرکزی تقریب 14 اپریل کو گردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی۔

دوسری جانب وفاقی وزارت مذہبی امور اور متروکہ وقف املاک بورڈ کی درخواست پر 3 ہزار سے زائد ویزے جاری کیے گئے ہیں۔یاتریوں کو دوران قیام رہائش، خوراک، ٹرانسپورٹ اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ ان کا قیام پرسکون اور بامقصد ہو۔سکھ یاتری 17 اپریل کو لاہور آئیں گے اور 19 اپریل کو واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت واپس روانہ ہوں گے۔