ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بطور ڈپٹی وزیراعظم تقرری کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل خارج کردی ، عدالت نے اسحاق ڈار کے بطور ڈپٹی وزیراعظم تعیناتی کا اقدام درست قرار دے دیا۔
جسٹس چوہدری محمد اقبال کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے خاتون اشباء کامران کی انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کی ، اس کیس میں وفاقی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نصراحمد مرزا پیش ہوئے اور ان کے موقف کے مطابق نائب وزیر اعظم نامزد کرنے کا وزیر اعظم کے پاس صوابدیدی اختیار کا ہے ، اسحاق ڈار بطور نائب وزیر اعظم اختیارات استعمال نہیں کررہے ، اسحاق ڈار بطور نائب وزیر اعظم کوئی تنخواہ اور مراعات نہیں لے رہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ درخواست ناقابل سماعت ہے، خارج کی جائے ، شہری خاتون اشباء کامران نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو ڈپٹی وزیر اعظم بنانے کے اقدام کو چیلنج کیا ، اپیل کنندہ خاتون کی جانب سے موقف اختیار کیا کہ آئین میں نائب وزیراعظم کے عہدے کی کوئی گنجائش نہیں ، اپیل کنندہ خاتون کی جانب سے استدعا کی گئی کہ سنگل بنچ کا ڈپٹی وزیر اعظم کے عہدے کیخلاف درخواست خارج کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔