(اسرار خان)بادامی باغ کے علاقہ میں مشتعل سابق شوہر نے فائرنگ کر کے خاتون کو قتل کر دیا، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں ۔
پولیس کے مطابق گلی نمبر 7 داتا نگر بادامی باغ کی رہائشی 40 سالہ خالدہ کی کچھ عرصہ قبل اپنے شوہر سرور خان سے علیحدگی ہو گئی تھی۔ ہفتہ کی شام ملزم سرور خالدہ کے گھر آیا، فریقین کے مابین تلخ کلامی ہو گئی، اسی دوران ملزم سرور نے اندھا دھند فائرنگ کرکے خالدہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی، فرانزک ماہرین کی مدد سے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ شہرمیں بڑھتے ہوئے قتل کے واقعات ہمارے معاشرے میں پائی جانیوالی بے چینی، عدم برداشت اور لاقانونیت کی عکاسی کرتے ہیں، ایسے واقعات سے بچنے کیلئے جہاں ہمیں اپنے رویوں میں بہتری لاکر مہذب شہری ہونے کا ثبوت دینا ہوگا، تو وہاں حکومت کی بھی ذمہ داری ہے کہ قانون کی حاکمیت کویقینی بنائے، تاکہ شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی سے ایسے واقعات میں کمی لائی جاسکے۔
معاشرے کے بگڑتے ہوئے حالات کے بارے ماہرین نفسیات نے اپنے رائے دیتے ہوئے کہا کہ عدم برداشت کسی بھی جرم کی سب سے بنیادی وجہ ہے، اگر صرف برداشت کی صلاحیت کو مضبوط کر لیا جائے تو کسی بھی معاشرے سے 90فیصد جرائم کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔ یہ بات حقیقت کے بالکل قریب ہے کیونکہ ہر جرم کی داستان کے پیچھے عدم برداشت کا عنصر نمایاں نظر آتا ہے۔