سٹی 42:پیٹرول لیوی، بھتہ اور ٹیکس کے خلاف لیاقت باغ میں جماعت اسلامی کا احتجاجی دھرنا شروع ہے ۔
راولپنڈی اور گردونواح سے شہریوں اور جماعت اسلامی کے کارکنان کی بڑی تعداد دھرنے میں شریک ہیں ۔ جماعت اسلامی پنجاب کے سیکرٹری جنرل اقبال خان دھرنے سے خطاب کر رہے ہیں۔
جماعت اسلامی راولپنڈی کے ضلعی امراء سید عارف شیرازی، راجہ محمد جواد اور میر غلام احمد عباسی بھی دھرنے میں شریک ہیں ۔ اقبال خان نےکہا پاکستان کے 32 شہروں میں 24 روز سے جماعت اسلامی کے دھرنے جاری ہیں،حکومت نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیٹرول 13 روپے فی لیٹر مہنگا کردیا، عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ اپنی جگہ، پیٹرول لیوی اور بھتے کا کوئی جواز نہیں،
پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے اشیائے خورونوش سمیت ہر چیز مہنگی ہوجاتی ہے،جماعت اسلامی راولپنڈی نے پیٹرول لیوی اور بھتے کے خلاف عوام سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا،لیوی اور بھتے کے خلاف عوامی جدوجہد، احتجاج اور ملک بھر میں دھرنے جاری رہیں گے، حافظ نعیم الرحمن کی کال پر اہلیان راولپنڈی سمیت ملک بھر سے عوام ڈی چوک پہنچیں گے۔