ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ میں باؤنس چیک کے مقدمے میں عبوری ضمانت خارج ہونے کےبعد ملزم طارق محمود پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہوگیا۔ ملزم کی گرفتاری کی کوشش کے دوران وکیل اور پولیس اہلکاروں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔
لاہورہائیکورٹ کے جسٹس محمد امجد پرویز نے ملزم طارق محمود کی جانب سے دائر عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ ملزم اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوا جبکہ تھانہ گلشن اقبال پولیس کی جانب سے مقدمے کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا گیا،مقدمے کے مطابق تھانہ گلشن اقبال پولیس نے ملزم طارق محمود کے خلاف آٹھ لاکھ روپے کا چیک باؤنس ہونے کے الزام میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔عدالت نے فریقین کے وکلا کےدلائل سننے اورمقدمے کا ریکارڈ دیکھنے کے بعد ملزم کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کردی۔
عبوری ضمانت خارج ہوتے ہی پولیس نے ملزم کو گرفتار کرنے کی کوشش کی، تاہم ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے فرار ہونے کی کوشش شروع کردی۔ملزم کو گرفتار کرنے کی کوشش کے دوران لاہور ہائیکورٹ کے احاطے میں صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ اس دوران ملزم کے وکیل اور پولیس اہلکاروں کے درمیان ہاتھا پائی اور گتھم گتھا ہونے کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ ہاتھا پائی کے دوران ملزم طارق محمود نے وکیل کی مدد سے پولیس کو چکمہ دیا اور لاہور ہائیکورٹ کے احاطے سے فرار ہوگیا۔