جنیدریاض: سرکاری سکولوں میں طلبا کو جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے روشناس کرانے کے لیے جمنائی لرننگ اور سرٹیفکیشن پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
پروگرام کے تحت آٹھویں سے دسویں جماعت کے طلبا کو گوگل جمنائی کے استعمال، مصنوعی ذہانت (AI)، پرامپٹ انجینئرنگ اور جمنائی کے عملی استعمال کی تربیت دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق سرکاری سکولوں میں طلبا کے لیے جمنائی اکیڈمی اور کری ایٹو آور کا اہتمام کیا جائے گا، جبکہ طلبا کو اے آئی سیفٹی، اخلاقیات اور ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
جماعت 6 سے 8 کے طلبا کے لیے "بی انٹرنیٹ اویئر" پروگرام بھی شروع کیا جائے گا۔ سکول سربراہان کو طلبا کی جمنائی سرگرمیوں اور شرکت کا ریکارڈ مرتب کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
جمنائی پروگرام کے تحت طلبا کے آن لائن سرٹیفکیشن امتحان کے لیے بھی انتظامات کیے جائیں گے، جبکہ سرکاری سکولوں میں گوگل ورک اسپیس ٹولز کے استعمال سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی۔
حکام کے مطابق جمنائی سرگرمیاں سکول اوقات کار میں منعقد ہوں گی، جبکہ جمنائی کلاسز کا ٹائم ٹیبل سکول سربراہ کی منظوری سے تبدیل کیا جا سکے گا۔